18 فروری ، 2022
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں اسٹریٹ کرائم کے دوران گاڑی پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے صحافی اطہر متین کے قتل کی تحقیقات کیلئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں کے ڈی اے چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سما ٹی وی کے سینیئر پروڈیوسر اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے چورنگی کے قریب مسلح ملزمان ایک شہری کے ساتھ لوٹ مارکررہے تھے کہ اطہر متین نے ملزمان کی موٹر سائیکل کو اپنی گاڑی سے ٹکر ماری جس سے ملزمان گر پڑے بعد میں ایک ملزم نے ان پر گولی چلادی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کی گولی کا ایک خول ملا ہے جبکہ ملزمان نے قریب سے ایک موٹرسائیکل چھینی اور فرار ہوگئے۔
اُدھر عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ڈاکو کسی شہری سے موٹر سائیکل چھین رہے تھے، دو گاڑیوں نے ڈکیتی روکنے کی کوشش کی اور ملزمان کو گاڑی سے ہٹ کیا، اس دوران اطہر متین کی گاڑی پھنس گئی اور ملزمان نے فائرنگ کی، گولی اطہر متین کو لگی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ایک ملزم نے ہیلمٹ اور دوسرے نے کیپ لگائی ہوئی ہے جبکہ ایک ملزم موٹرسائیکل کو پیدل لیکر بھاگ رہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
صحافی اطہر متین کے قتل کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور ایس ایس پی سینٹرل ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
علاوہ ازیں سما ٹی وی کے سینیئر پروڈیوسر اطہر متین کے بھائی اینکر طارق متین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔