23 فروری ، 2022
لاہور: سابق صدر آصف زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
مسلم لیگ (ن) کا وفد شہباز شریف کی قیادت میں بلاول ہاؤس پہنچا جس میں احسن اقبال، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ اور مریم اور نگزیب شامل تھیں جب کہ بلاول ہاؤس پہنچنے پر آصف زرداری ،یوسف رضا گیلانی اوردیگر رہنماؤں نے استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود اور اکرم درانی بھی شریک ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ دوران ملاقات (ن) لیگ نے 10سے 15 ناراض حکومتی ارکان کے استعفوں کی تجویز پیش کی اور کہا کہ عدم اعتمادکی بجائے وزیراعظم سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کیا جائے۔
پیپلزپارٹی نے کہا کہ اسپیکر نے ناراض حکومتی ارکان کے استعفےقبول نہ کیے تو سبکی ہوگی، اپوزیشن کی ساکھ داؤپرلگی ہے لہٰذا پھونک پھونک کرقدم اٹھانا ہوگا۔
اس کےعلاوہ پیپلزپارٹی نے وزیراعظم سے پہلےاسپیکرکےخلاف عدم اعتمادکی تجویز دی جب کہ (ن) لیگ نے وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد لانے پراصرار کیا۔
ذرائع کے مطابق (ن) لیگ نے یقین دلایا کہ اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تجویز نوازشریف کےسامنے رکھی جائےگی۔