23 فروری ، 2022
بھارت کی ریاست کرناٹک میں اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والے جج کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر بھارتی اداکار کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جنوبی ہند کی فلموں کے اداکار چیتن کمار کو بنگلورو پولیس نے لوگوں کو اشتعال دلانے اور انہیں تشدد پر ابھارنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
چیتن کمار نےگذشتہ دنوں ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں حجاب پابندی کیس کی سماعت کرنے والے بینچ میں جسٹس کرشنا ڈکشٹ کی شمولیت پر سوال اٹھایا تھا۔
اداکار کا اپنی ایک پرانی ٹوئٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'میں نے 2 سال قبل کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے یہ ٹوئٹ کی تھی، اس فیصلے میں جسٹس کرشنا نے ریپ کیس کے حوالے سے انتہای متنازع بیان دیا تھا اور اب وہی جسٹس کرشنا فیصلہ کرنے جارہے ہیں کہ اسکولوں میں حجاب پر پابندی ہونی چاہیے یا نہیں'۔
چیتن کمار نے سوال اٹھایا کہ جسٹس کرشنا کو اس حوالے سے وضاحت نہیں دینی چاہیے؟
خیال رہے کہ 2020 میں جسٹس کرشنا نے ریپ کیس کے ایک فیصلے میں ملزم کی ضمانت منظور کرنے کے ساتھ متاثرہ خاتون کے رویے پر سوالات اٹھائے تھے، فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کے بعد ان کے الفاظ فیصلے سے حذف کردیےگئے تھے۔
خیال رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک میں اسکولوں اور بعض کالجوں میں مسلمان طالب علموں کے حجاب اور برقع پہننے پر پابندی لگائی گئی ہے، جس کے خلاف درخواست پر سماعت کرناٹک ہائی کورٹ میں جاری ہے۔
بھارت میں حجاب پر پابندی کا معاملہ سنجیدہ نوعیت اختیار کرتا جا رہا ہے،گزشتہ دنوں اتر پردیش میں پولیس کی جانب سے حجاب پر پابندی کے خلاف مظاہرے کرنے والی خواتین پر ڈنڈے برسانے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔