25 فروری ، 2022
روسی افواج کی تیزی سے یوکرین کے دارالحکومت کیف کی طرف پیش قدمی جاری ہے۔
یوکرینی صدر ولودومیر زیلینسکی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یوکرینی شہری جو لڑنے کی طاقت رکھتے ہیں وہ ملک چھوڑ کر جانے کے بجائے فوج کا ساتھ دیں۔
یوکرینی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے کیف میں لڑائی کیلئے تیار شہریوں میں 18 ہزار مشین گنز فراہم کردی ہیں۔
یوکرین میں روس کے حملے کے پہلے روز 137 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے اور آج دوسرے روز بھی دارالحکومت کیف و دیگر شہروں میں دھماکے، راکٹ اور فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے بچنے کیلئے کیف میں عوام کی بڑی تعداد زیر زمین ٹرین اسٹیشنز اور سرنگوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
کیف سے بڑی تعداد میں شہری دیگر علاقوں کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں اور سڑکوں پر شدید رش ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ایک لاکھ سے زائد افراد اب تک بے گھر ہوچکے ہیں۔
یوکرینی کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی فوج پارلیمان کی عمارت سے 9 کلو میٹر دور شمالی ضلع اوبولان میں موجود ہے۔
یوکرین کی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ روسی فوجیوں کی پیش قدمی روکنے کیلئے شدید مزاحمت کر رہی ہے جبکہ روس کا لڑاکا طیارہ مار گرایا گیا ہے اور روسی فوج سے کیف کے نواح میں واقع ائیرپورٹ کا کنٹرول واپس لے لیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کےمطابق یوکرین کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ’دشمن‘ کیف میں موجود پارلیمان کی عمارت سے 9 کلومیٹر دورشمال میں واقع اوبولان ڈسٹرکٹ میں موجود ہے۔
یوکرینی وزارت دفاع نے مقامی افراد کو فی الفور محفوظ مقامات پر پناہ لینے جبکہ لڑائی کے قابل افراد کو مزاحمت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یوکرینی فوج کے چیف آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ روس دارالحکومت کیف پر حملے کیلئے پڑوسی ملک بیلاروس کی گومل ائیر فیلڈ استعمال کر رہا ہے۔ یوکرین کی آبادی کو خوفزدہ کرنے کیلئے دشمن سول انفرا اسٹرکچر اور گھروں کو تباہ کررہاہے۔
چیف آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ روسی فوجی کئی سمتوں سے کیف کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔ یوکرین کی فوج جنوب میں ماریوپول اور شمال مشرق میں خارکیف کے گرد لڑ رہی ہے۔.
یوکرینی وزارت دفاع کا دعویٰ ہے کہ روسی حملوں کے آغاز سے اب تک ایک ہزار روسی فوجیوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔
یوکرینی وزارت دفاع کے مطابق دارالحکومت کیف بدستور یوکرینی فوج کے کنٹرول میں ہے، ہوستومل میں روسی فوج سے شدید لڑائی کا خطرہ ہے۔
ادھر روس کا کہنا ہے کہ اس نے چرنوبل جوہری مرکز کو قبضے میں لے لیاہے۔ روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیف کو یوکرین کے دیگر علاقوں سے تنہا کردیا گیا ہے، روسی فوج نے کیف کے مغربی علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے، روسی فوج کے چھاتہ بردار اہلکاروں نےکیف کے قریب ہوائی اڈےکا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوج نے 200 یوکرینی فوجیوں کو کیا ہے، ہوستومل کے ہوائی اڈے پرقبضے کے دوران 200 یوکرینی فوجیوں کوہلاک کیا گیا ہلاک اہلکاروں کا تعلق یوکرینی فوج کےخصوصی دستوں سے تھا۔