Time 25 فروری ، 2022
پاکستان

یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کیلئے پی آئی اے کو خصوصی پروازیں چلانے کی ہدایت

حکومت پاکستان نے یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو فوری وطن واپس لانے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کو پروازیں چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے یوکرین میں موجود پاکستانیوں کو پولینڈ کی سرحد پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے نے بوئنگ 777 طیارے یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے مختص کردیے ہیں اور جلد ہی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پرواز کی تیاری کی جارہی ہے، طالبعلموں کے پولینڈ پہنچتے ہی روانہ کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو ان کے گھروں تک واپس پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

یوکرین میں موجود 2 ہزار پاکستانی طالبعلموں کو واپس لایا جائے گا، ذرائع

دوسری جانب سی ای او پی آئی اے اور یوکرین میں پاکستانی سفیر کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق یوکرین میں موجود 2 ہزار  پاکستانی طالبعلموں کو واپس لایا جائے گا جبکہ ٹرنوپل میں پاکستانی سفارت خانہ زمینی راستے سے تمام طالب علموں کو پولینڈ منتقل کرے گا جہاں سے بوئنگ 777 طیارہ طالبعلموں کو وطن واپس پہنچائے گا۔

خیال رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں میں جنگی طیاروں کے حملے، ٹینکوں کی گولا باری کا سلسلہ جاری ہے۔

ہر طرف جنگ کی تباہ کاریاں ہیں اور ایسے میں لاکھوں یوکرینی شہریوں کی طرح وہاں موجود ہزاروں پاکستانی بھی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

پاکستانی شہری یوکرین میں پھنس گئے اور پاکستانی سفارت خانے کے رویے پر پھٹ پڑے ہیں۔

مزید خبریں :