Time 28 فروری ، 2022
کھیل

رمیز راجا کی کمنٹری باکس میں واپسی پر مداحوں کو پرانے دن یاد آگئے

رمیز راجا کمنٹری باکس میں گئے اور کچھ دیر کے لیے عروج ممتاز کے ہمراہ میدان میں ہونے والے کھیل سے متعلق شائقین کو آگاہ کیا/ فوٹو ٹوئٹر ایرن ہالینڈ
رمیز راجا کمنٹری باکس میں گئے اور کچھ دیر کے لیے عروج ممتاز کے ہمراہ میدان میں ہونے والے کھیل سے متعلق شائقین کو آگاہ کیا/ فوٹو ٹوئٹر ایرن ہالینڈ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور سابق کمنٹیٹر رمیز راجا پی ایس ایل 7 کے فائنل میں لاہور قذافی اسٹیڈیم میں موجود تھے جہاں انہوں نے اپنے پرانے دنوں کی یاد بھی تازہ کی۔

رمیز راجا کے چاہنے والے ان کی کمنٹری کو پورے سیزن میں یاد کرکے سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کرتے رہے جس کے بعد بلآخر انہیں فائنل  میں رمیز راجا کی آواز  سننے کو ملی۔

پی ایس ایل کے فائنل میچ  میں رمیز راجا کمنٹری باکس میں گئے اور کچھ دیر کے لیے عروج ممتاز کے ہمراہ میدان میں ہونے والے کھیل سے متعلق شائقین کو آگاہ کیا۔

پی ایس ایل کی پریزینٹر آسٹریلوی میزبان ایرن ہالینڈ نے بھی ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ ایرن، عروج ممتاز، وقار یونس، زینب عباس اور سکندر بخت موجود تھے۔

ایرن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیکھیں کون واپس لوٹ آیا۔

اس موقع سے سوشل میڈیا صارفین خاصے محظوظ ہوئے اور رمیز راجا ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے، جہاں صارفین نے انہیں یہ ٹورنامنٹ کامیاب بنانے پر داد دی وہیں پرانے دنوں کو بھی یاد کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ آج رمیز راجا سے کمنٹری کیے بغیر نہیں رہا گیا، میں کئی عرصہ بعد ان کی کمنٹری سے محظوظ ہوئی۔

احتشام الحق نامی صارف نے رمیز راجا کی کمنٹری کرتے ہوئے تصویر شیئر کی اور خوشی کا اظہار کیا۔


مزید خبریں :