28 فروری ، 2022
لندن: برطانوی اخبار ڈیلی میل نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے کیےگئےکیس میں ایک سال کی تاخیر کے بعد جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔
ڈیلی میل کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب 49 صفحات پر مشتمل ہے،ڈیلی میل کا جواب نیب کے شہباز شریف پر بنائےگئے ریفرنس پر مشتمل ہے، ڈیلی میل کے جواب میں شہباز شریف اور ان کے خاندان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔
ڈیلی میل کے جواب میں شریف فیملی کے ملازمین کے بیانات بھی شامل ہیں، دبئی اور پاکستان میں بینکوں میں پیسے جمع کروانے والے درجنوں ملازمین کے نام شامل ہیں۔
ڈیلی میل نے جواب میں لکھا کہ شہباز شریف کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد ان کے اثاثہ جات میں نمایاں اضافہ ہوا، ڈیلی میل کی طرف سے پیش کیےگئے شواہد میں رمضان شوگر ملز کا ذکر ہے۔
ڈیلی میل کا مؤقف ہےکہ مضمون چھاپنے سے پہلے شریف فیملی کا ورژن لیا گیا تھا۔
شہباز شریف کے داماد کے حوالے سے بھی ڈیلی میل نے جواب عدالت میں جمع کروا دیا ہے۔
ڈیلی میل کا دعوٰی ہےکہ شہباز شریف اور ان کے داماد کے حوالے سے چھپنے والے الزامات پر قائم ہیں، علی عمران یوسف کے اثاثے شریف فیملی میں شادی کے بعد بڑھے ہیں۔