Time 04 مارچ ، 2022
دنیا

سعودی عرب کی روس یوکرین تنازع کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش

روس اور یوکرین کے درمیان ثالثی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے: سعودی ولی عہد۔ فوٹو: فائل
روس اور یوکرین کے درمیان ثالثی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے: سعودی ولی عہد۔ فوٹو: فائل

سعودی عرب نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے ثالثی کا کردار  ادا کرنے کی پیشکش کر دی۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت یوکرین کے مسئلے پر بھی بات چیت ہوئی۔

سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرین مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات پر زور دیا اور تنازع کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر آمادگی بھی ظاہر کی۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان ثالثی کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے۔

سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ ولادیمیر پیوٹن اور محمد بن سلمان کے درمیان یوکرین بحران کے توانائی کی منڈیوں پر اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا اور تیل مارکیٹ میں توازن کے لیے آرگنائزیشن آف پیٹرولیم ایکسپلورنگ کمپنیر (اوپیک) پلس کو اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اوپیک پلس معاہدے کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

مزید خبریں :