07 مارچ ، 2022
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے والد نے کرکٹر سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
لاہور قلندرز کی انتظامیہ اور ٹیم کے دیگر اراکین شاہین کے والد کی دعوت پر ان کے گاؤں لنڈی کوتل پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اسی دوران قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے شاہین کے والد سے گفتگو کی اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے لاہور قلندرز اور بیٹے کی جیت کے بعد ان کے جذبات پوچھے جس پر شاہین کے والد نے کہا کہ مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے اور پی ایس ایل کے میچز کا بہت مزہ آیا۔
ثمین رانا نے پوچھا کہ بتائیں شاہین آپ سے اتنا ڈرتا کیوں ہے؟ جس پر عقب میں کھڑے افراد ہنسنے لگے۔
کرکٹر کے والد نے کہا کہ وہ جو گراؤنڈ میں غلط گیندیں کرتا ہے، میں اسے ڈانٹتا ہوں اور بتاتا ہوں کہ تمہیں کیسی گیند کروانی چاہیے۔
ثمین رانا نے مداحوں سے ایک واقعہ بھی شیئر کیا اور کہا کہ 2020 میں جب شاہین کا انگوٹھا ٹوٹا تھا تو اس نے میچ کھیلنے سے انکار کردیا جس پر شاہین کے والد نے اسے فون کیا۔
کرکٹر کے والد نے بتایا کہ میں نے اسے کہا کہ فوراً میچ کھیلنے کے لیے ہاں کہو، جس پر شاہین نے کہا کہ پی سی بی نے منع کیا ہے، میں نے جواب میں کہا پی سی بی کو چھوڑو، تم میچ کھیلو۔