Time 08 مارچ ، 2022
کھیل

پنڈی اسٹیڈیم میں ہر جانب اپنے پوسٹرز دیکھ کر مارنوس لبوشین نے کیا کہا؟

سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ اسٹیڈیم میچ کے دوران شائقین کرکٹ کی طرف سے مارنوس لبوشین کو سب سے زیادہ پیار اور احترام ملا__فوٹو: ٹوئٹر
سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ اسٹیڈیم میچ کے دوران شائقین کرکٹ کی طرف سے مارنوس لبوشین کو سب سے زیادہ پیار اور احترام ملا__فوٹو: ٹوئٹر

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں شائقین کرکٹ آسٹریلوی بیٹر مارنوس لبوشین کے لیے ڈھیروں پیغامات لے کر گراؤنڈ میں موجود ہیں۔

سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ میچ کے دوران شائقین کرکٹ کی طرف سے مارنوس لبوشین کو سب سے زیادہ پیار اور احترام ملا اور لوگ ان کے نام کے پوسٹرز لے کر اسٹیڈیم پہنچے۔

مارنوس سے منسلک پوسٹرز پر کسی نے ان کے نام کا مشکل تلفظ پوچھا تو کوئی ان سے کافی کی فرمائش کرتا رہا۔

تاہم کرکٹر پنڈی اسٹیڈیم میں اپنے کئی پوسٹرز دیکھ کر حیران رہ گئے اور انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

پہلے ٹیسٹ کے آخری روز میچ کے آغاز سے قبل مارنوس لبوشین نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ مجھے راولپنڈی میں شائقین کے تمام تر پوسٹرز بہت پسند آئے ہیں، پاکستان میں خوش آمدید کہنے والوں کا شکرگزار ہوں۔

ٹوئٹ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ٹوئٹ پر اپنے پوسٹرز شیئر کریں تاکہ میں بھی ان پر اپنا ردعمل دوں۔

مارنوس کو جو پوسٹر سب سے زیادہ پسند آیا اس پر درج تھا کہ مارنوس لبوشین سے ہوشیار رہیں، یہ پورے دن یہی کہیں گے کہ رن نہیں لینا اور آخر میں سنچری کردیں گے۔

مارنوس کے نام کے حوالے سے پریشان شائقین کرکٹ کیلئے بنایا گیا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ جو بھی نام سرچ کررہے ہیں اُن کے لیے یہاں جواب میسر ہے۔

ایک پوسٹر میں مارنوس کے مداح نے ساتھ کافی پینے کی درخواست کی تھی جس پر کرکٹر نے کہا کہ ایک دن میں آپ سب کے لیے کافی کا کیفے کھولوں گا۔

مارنوس کے پاکستانی مداحوں نے ایک پوسٹر میں لکھا تھا کہ مارنوس ہمیں آپ سے محبت ہے اور ہم جلد آپ کا پورا نام سیکھ جائیں گے جس کے جواب میں مارنوس نے پاکستانی شائقین کا شکریہ ادا کیا۔


مزید خبریں :