Time 12 مارچ ، 2022
کھیل

'شاہین آفریدی کا سامنا کرنے سے کانپیں ٹانگ جاتی ہیں'

شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز لے کر پہنچے/ فوٹو ٹوئٹر
شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز لے کر پہنچے/ فوٹو ٹوئٹر

کراچی:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز لے کر پہنچے۔ 

بینرز اور پوسٹرز پر دلچسپ تحریریں درج تھیں تاہم ان ہی میں سے ایک نے صارفین کی توجہ اپنی جانب خوب سمیٹی جو کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق تھا۔

مداح اپنا پوسٹر لیے اسٹیڈیم پہنچا جس پر لکھا تھا کہ 'شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کرنے سے کانپیں ٹانگ جاتی ہیں'، چونکہ شاہین آفریدی انتہائی تیز ترین گیندیں کراتے ہیں، لہٰذا مداح نے بیٹر کے خوف سے متعلق یہ بینر تخلیق کیا۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

اسی طرح اسٹیڈیم کے کراؤڈمیں سے کچھ لڑکوں کی تصویر بھی سامنے آئی ہے جس پر لکھا تھا کہ 'کانپیں ٹانگ رہی ہیں، وہ اسے (شاہین کو) نہیں کھیل سکتے'۔

خیال رہے کہ شاہین کی ورلڈکپ 2021 میں شاندار کارکردگی کے بعد ان سے متعلق یہ مشہور ہوا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی شاہین کی تیز رفتار گیندوں کو نہیں کھیل سکتے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عوامی مارچ سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے 'ٹانگیں' کو 'کانپیں' اور 'کانپ' کو 'ٹانگ' کہہ دیا تھا۔

بلاول بھٹو نے جوشِ خطابت میں عوام سے کہا تھا کہ آپ کا جوش اسلام آباد کو ہلا رہا ہے اور اسلام آباد کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ 

مزید خبریں :