13 مارچ ، 2022
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے متحدہ اپوزیشن کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک کو ضابطہ کے مطابق قرار دے دیا ہے۔
اسمبلی ذرائع کے مطابق تحریک اور ریکوزیشن پر اپوزیشن اراکین کے دستخطوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہو گیا ہے، کسی بھی رکن کے دستخط مشکوک یا رول آف سائن کے خلاف نہیں نکلے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی شعبہ قانون سازی نے تمام ضوابط پورے کرنے کے بعد فائل اسپیکر کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسپیکر کو 22 مارچ سے قبل کسی بھی دن اجلاس بلانے کی تجویز بھی دے دی ہے۔
قومی اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس بلانا ایک آئینی تقاضہ ہے جس سے انحراف نہیں کیا جا سکتا، پہلا مرحلہ ریکوزیشن پر دستخطوں کی تصدیق اور دوسرا عدم اعتماد کی تحریک پر دستخطوں کی تصدیق تھا، دونوں مراحل مکمل ہونے اور تحریک کے ضابطہ کے مطابق ہونے کا جائزہ لیا گیا۔
خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی جس کے بعد اب اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے آئینی طور پر 14 روز کا وقت موجود ہے۔