17 مارچ ، 2022
آسٹریلوی میڈیا اور سابق کپتان نے کراچی ٹیسٹ ڈرا ہونے پر پیٹ کمنز کی کپتانی پر سوالات اٹھادیے۔
آسٹریلوی میڈیا کاکہنا ہےکہ پاکستان نے 170 اوورز سے زیادہ کھیلے اور میچ کا ڈرا ہونا پاکستان ٹیم کے لیے جیت ہے، کپتان پیٹ کمنز کو کچھ مختلف کرنا چاہیے تھا اور کراچی ٹیسٹ جیتنا چاہیے تھا۔
آسٹریلوی میڈیا نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے بعد کپتان پیٹ کمنز کو اب سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ پاکستان کو آؤٹ کرنے کےلیے چوتھے اور پانچویں دن میں بہت وقت تھا مگر آسٹریلیا نےکیچزڈراپ کیے جب کہ اسٹیو اسمتھ اورعثمان خواجہ نےچانس مس کیے۔
دوسری جانب سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کاکہنا تھا کہ آسٹریلیا کے پاس پاکستان کو آؤٹ کرنے کے لیے بہت اوورز تھے، چانس مس کرنے پر یقینی طور پر ٹیم کو سخت مایوسی ہوئی ہوگی۔
مائیکل کلارک نے کہا کہ کیا پاکستان کو فالو آن نہیں کرنا چاہیے تھا؟ آسٹریلیا کو یہ ٹیسٹ میچ ہرصورت میں جیتنا چاہیے تھا، موجودہ صورتحال میں کئی سوالات کپتان سے پوچھیں جائیں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم کو 506 رنز کا ہدف دیاتھا لیکن بابراعظم، عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان ٹیم ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔