18 مارچ ، 2022
وزیراعظم عمران خان نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر مشاورت کے لیے سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج ایک بار پھر طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ایک بجے بنی گالا میں ہو گا جس میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق امور پر مشاورت ہو گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں منحرف ارکان کے خلاف کارروائی سے متعلق قانونی امور پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ ناراض ارکان کو منانے سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو سندھ ہاؤس سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں عمران خان نے سویلین حساس اداروں کو ارکان پارلیمنٹ اور سندھ ہاؤس کی سخت مانینٹرنگ کا حکم دیا تھا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے ناراض اراکین کو منانے کا ٹاسک وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دیا تھا۔