Time 18 مارچ ، 2022
پاکستان

حکومت کا منحرف اراکین کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کے خلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فواد چوہدری کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ کیا ایسے ممبران جو اپنی وفاداریاں معاشی مفادات کی وجہ سے تبدیل کریں ان کی نااہلیت زندگی بھر ہو گی یا انھیں دوبارہ انتخاب لڑنے کی اجازت ہو گی؟ سپریم کورٹ سے درخواست کی جائے گی کہ کے اس ریفرنس کو روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ سنایا جائے۔

وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آرٹیکل 63-A کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں آرٹیکل 186کے تحت ریفرنس فائل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے رائے مانگی جائے گی کہ جب ایک پارٹی کے ممبران واضح طور پر ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہوں اور پیسوں کے بدلے وفاداریاں تبدیل کریں تو ان کے ووٹ کی قانونی حیثیت کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی فواد چوہدری نے اپنی پارٹی کے منحرف اراکین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں جو ووٹ ملے وہ ان کے باپ کے نہیں بلکہ عمران خان کے ہیں، منحرف اراکین کو چاہیے کہ اپنے حلقوں سے استعفیٰ دیں اور پھر دوبارہ الیکشن لڑ کر جسے چاہیں ووٹ دیں۔

مزید خبریں :