Geo News
Geo News

Time 18 مارچ ، 2022
پاکستان

’فلم ابھی باقی ہے‘: سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا بیان

سندھ ہاؤس اسلام آباد پر دھاوا بولنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان کا مؤقف سامنے آیا ہے— فوٹو: قومی اسمبلی
سندھ ہاؤس اسلام آباد پر دھاوا بولنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان کا مؤقف سامنے آیا ہے— فوٹو: قومی اسمبلی

اسلام آباد: سندھ ہاؤس اسلام آباد پر دھاوا بولنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان کا مؤقف سامنے آیا ہے۔

 پی ٹی آئی کےایم این اے فہیم خان نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ جب ہم نے دیکھا کہ ہمارے کارکنان سندھ ہاؤس آئےہیں تو ہم بھی آئے۔

فہیم خان نے کہا کہ یہ ٹریلر ہے، فلم ابھی باقی ہے،ان لوگوں کو استعفیٰ دے کر دوبارہ الیکشن لڑنا چاہیے۔

آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کے دروازے پر لاتیں مار کر توڑ ڈالا اور احاطے میں داخل ہوگئے۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عطا اللہ نیازی اور فہیم خان بھی کارکنان کے ساتھ موجود تھے۔ ان دونوں ارکان قومی اسمبلی کا تعلق کراچی سے ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے 24 کےقریب ارکان قومی اسمبلی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں کیوں کہ وہ پارلیمنٹ لاجز میں خود کو محفوظ نہیں سمجھتے اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔

گزشتہ روز بھی فواد چوہدری نے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں کارروائی کا عندیہ دیا تھا تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے اس پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔