Geo News
Geo News

Time 19 مارچ ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

دوسروں کے اکاؤنٹ پر نیٹ فلکس استعمال کرنیوالوں کیلئے بری خبر

صارفین کے ایک دوسرے کو اپنے اکاؤنٹ کے پاسورڈ دینے سے کمپنی کو نقصان ہورہا ہے: کمپنی/ فائل فوٹو
صارفین کے ایک دوسرے کو اپنے اکاؤنٹ کے پاسورڈ دینے سے کمپنی کو نقصان ہورہا ہے: کمپنی/ فائل فوٹو

امریکا کی مقبول ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے پاسورڈ شیئر کرنے والے صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

کمپنی کے مطابق فیصلے کے بعد بھی اگر کسی صارف نے اپنے اکاؤنٹ کا پاسورڈ کسی دوست یا جاننے والے کو استعمال کے لیے دیا تو جس کے نام پر اکاؤنٹ ہے اسی سے اضافی فیس وصول کی جائے گی۔

نیٹ فلکس نے واضح کیا ہے کہ اضافی فیس کا آپشن آئندہ کچھ دنوں میں فراہم کیا جائے گا اور پھر اپنا اکاؤنٹ دوسروں سے شیئر کرنے والوں کو فیس بھرنی پڑے گی ، بصورتِ دیگر ان کے اکاؤنٹس بند کردیے جائیں گے۔

نیٹ فلکس نے یہ فیصلہ کیوں کیا؟

کمپنی کے مطابق صارفین کے ایک دوسرے کو اپنے اکاؤنٹ کے پاسورڈ دینے سے کمپنی کو نقصان ہورہا ہے، اس سے نیٹ فلکس کی فلموں اور سیریز کے لیے کی جانے والی سرمایہ کاری متاثر ہورہی ہے۔

کمپنی نے کہا کہ پاسورڈ شیئر کرنے سے ہماری نئی سیریز اور فلموں کے لیے سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے، ہم پاس ورڈ شیئرنگ پر پابندی نہیں لگا رہے تاہم جو لوگ ایسا کرتے ہیں انہیں ادائیگی کرنا ہوگی۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’ نیٹ فلکس کے پریمئیم اور اسٹینڈرڈ اراکین دو ایسے افراد کے ذیلی اکاؤنٹس شامل کر سکیں گے جن کے ساتھ وہ رہائش پذیر نہیں ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ہر استعمال کرنے والوں کی  اپنی پروفائل، لاگ ان اور پاس ورڈ مناسب اور کم قیمت میں مہیا کیا جائے گا۔

نیٹ فلکس بنیادی طور پر یہ کریک ڈاؤن  امریکی شہر چلی، کوسٹا ریکا اور پیرو میں کرے گا۔