Geo News
Geo News

Time 07 اکتوبر ، 2021
دنیا

SquidGames#: نیٹ فلکس شو میں فون نمبر دکھانے پر خاتون کی زندگی مشکل ہو گئی

فون نمبر کو ہٹانے کے لیے سیریز کے مناظر کو ایڈیٹ یا ان میں ترمیم کریں گے:فوٹوفائل
 فون نمبر کو ہٹانے کے لیے سیریز کے مناظر کو ایڈیٹ یا ان میں ترمیم کریں گے:فوٹوفائل

جنوبی کوریا کی ایک خاتون کا فون نیٹ فلکس کے ہٹ شو "اسکویڈ گیم" میں دکھائے جانے کے بعد اسے روزانہ ہزاروں کالز اور پیغامات نے پریشان کر دیا جس پر اب نیٹ فلکس اور پروڈکشن کمپنی بھی ایکشن میں آ گئی ہے۔

نیٹ فلکس اور مقامی پروڈکشن کمپنی سائرن پکچرز نے بدھ کو کہا کہ وہ فون نمبر کو ہٹانے کے لیے سیریز کے مناظر کو ایڈیٹ یا ان میں ترمیم کریں گے۔

اسکویڈ گیم ہے کیا؟

"اسکویڈ گیم"9 حصوں پر مشتمل تھرلر سیریز ہے جس کی کہانی ان لوگوں کے گرد گھومتی ہے جو 45.6 بلین وون یعنی 38.31 ملین ڈالر جیتنے کے لیے جان لیوا کھیل کا حصہ بنتے ہیں۔

یہ سیریز بنیادی طور پر کوریا کی مقامی پروڈکشن کمپنی سائرن پکچرز نے تیار کی ہے جس کا عالمی پریمیئر گزشتہ ماہ نیٹ فلکس پر ہوا اور اس وقت یہ مقبولیت کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

مقامی کورین براڈکاسٹر ایس بی ایس نے پچھلے مہینے کم گل ینگ نامی خاتون کے ساتھ ایک انٹرویو نشر کیا جن کا فون نمبر سیریز کے کچھ مناظر میں واضح طور پر دکھایا گیا۔

عالمی پریمیئر کے بعد مذکورہ خاتون کو ہزاروں کالز اور پیغامات نے پریشان کر دیا۔

کم گل ینگ جنوب مشرقی کاؤنٹی سیونگجو میں کاروبار کرتی ہیں اور انہوں نے دوران انٹرویو کچھ پیغامات دکھائے جو انہیں موصول ہوئے تھے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے بدھ کو مذکورہ فون نمبر پر کالز کیں مگر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

نیٹ فلکس کا رد عمل

نیٹ فلکس نے کہا ہے کہ، "پروڈکشن کمپنی کے ساتھ مل کر ، ہم اس معاملے کو حل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، جس میں فون نمبروں والے مناظر کی ایڈیٹنگ بھی شامل ہے۔"

خاتون نے گزشتہ ماہ ایس بی ایس ٹی وی کو بتایا تھا کہ کاروبار کی وجہ سے ان کا نمبر تبدیل کرنا ناممکن تھا جب کہ انہوں نے اس صورتحال میں ایک ملین ون (840 ڈالر) معاوضہ کی پیشکش بھی مسترد کر دی تھی۔

5ملین معاوضہ دینے کی پیشکش

ایس بی ایس کے مطابق کم گل ینگ کو اس کے بعد سے 5 ملین ون تک معاوضہ دینے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔

نیٹ فلکس اور سائرن پکچرز نے کسی بھی معاوضے کی پیشکش پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔