24 مارچ ، 2022
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی اور قانونی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اتحادی جماعتوں اور ارکان سے رابطوں کا جائزہ لیاگیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے قانونی ٹیم کی بھی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعظم کو سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس پر سماعت کی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ہم آخر تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہو گی، یہ ان کی غلط فہمی ہے کہ میں دباؤ میں آجاؤں گا، 27مارچ کوعوام بتادیں گے وہ کس کے ساتھ ہیں۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں 27 مارچ کو پی ٹی آئی کے جلسہ کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کی سینیئر قیادت اپنے علاقوں سے ریلیوں کی قیادت کرے گی، حماد اظہر لاہور، پرویز خٹک پشاور سے ریلی کی قیادت کریں گے۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق شیخ رشید اور عامر کیانی راولپنڈی سے ریلی کی قیادت کریں گے، فواد چوہدری جہلم، مراد سعید سوات سے ریلی کے ساتھ پریڈ گراؤنڈ پہنچیں گے، فرخ حبیب فیصل آباد، علی زیدی سندھ سے ریلی کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارٹی کی سینیئر قیادت کو جلسے سے متعلق ٹاسک سونپ دیے ہیں۔ پارٹی کارکنان کو27 مارچ کو جلسے کا وقت سہہ پہر 3 بجے کا دیا جائےگا،پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی جلسےمیں شریک ہوں گے۔