Time 25 مارچ ، 2022
پاکستان

قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کا ایجنڈا جاری، وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل

 قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔

 قومی اسمبلی کےآج ہونے والے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے جس میں قومی اسمبلی کے147 ارکان کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ایجنڈے میں شامل ہے۔

ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ ایوان کی رائے ہےکہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، اپوزیشن کی قرارداد ہےکہ وزیر اعظم ایوان کا اعتماد کھوچکےلہٰذا انہیں عہدے سے ہٹا دیاجائے۔

تحریک پیش کرنے کی اجازت پر 152 ارکان وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد پیش کریں گے۔

خیال رہےکہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیا تھا تاہم اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کا ایجنڈا جاری نہیں کیا گیا تھا جس پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی جارہی تھی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروز جمعہ صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔


مزید خبریں :