Time 26 مارچ ، 2022
دنیا

یوکرین کے اسپتالوں پر روسی حملوں میں اضافہ ہورہا ہے: عالمی ادارہ صحت

روس کی جانب سے اب تک صرف اسپتالوں، ایمبولینسز اور ڈاکٹروں پر 70 سے زائد حملے کیے جاچکے ہیں: عالمی ادارہ صحت/  فوٹو بشکریہ بی بی سی
 روس کی جانب سے اب تک صرف اسپتالوں، ایمبولینسز اور ڈاکٹروں پر 70 سے زائد حملے کیے جاچکے ہیں: عالمی ادارہ صحت/  فوٹو بشکریہ بی بی سی

عالمی ادارہ صحت کے مطابق روس یوکرین کے اسپتالوں میں حملوں میں اضافہ کررہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ روس یوکرین تنازع میں ماسکو ہر گزرتے دن کے ساتھ اسپتالوں سمیت دیگر صحت کی سہولیات کے مراکز پر حملوں میں اضافہ کررہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق روس کی جانب سے اب تک صرف اسپتالوں، ایمبولینسز اور ڈاکٹروں پر 70 سے زائد حملے کیے جاچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہناہے کہ صحت سہولیات مراکز پر حملے اب ماڈرن وار اسٹریٹجی کا حصہ بن چکے ہیں جب کہ حال ہی میں 8 مارچ کو خارکیف کے جنوب میں واقع نئے تعمیر شدہ اسپتال پر روسی حملے میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔

یوکرینی حکام کا کہنا ہےکہ اس اسپتال پر روسی طیاروں نے شیل برسائے جس کے نتیجے میں اسپتال کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اسپتال کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

خارکیف کے میئر کاکہنا تھا کہ اسپتال پر پہلے روسی حملے سے اس کی کھڑکیاں دروازے باہر نکل کر گر پڑے جب کہ دوسرے حملے میں آپریشن تھیٹرز مکمل تباہ ہوگئے۔

میئر نے کہا کہ اس اسپتال میں بچے اور حاملہ خواتین زیر علاج تھیں جب کہ بمباری سے حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں سمیت عملہ بھی زخمی ہوا۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ 24 فروری سے اب تک صحت سہولیات مراکز پر 72 حملوں کی تصدیق ہوئی ہے جس میں 71 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوئے جب کہ ان حملوں میں میڈیکل ٹرانسپورٹ، سپلائی اسٹورز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

مزید خبریں :