Time 27 مارچ ، 2022
پاکستان

لوگ ڈیڑھ گھنٹہ انتظار کرتے رہے، آخر میں وزیراعظم نے خط نکال کر سرپرائز بتا دیا

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب میں طویل انتظار کے بعد وزیراعظم عمران خان سرپرائز  قوم کے سامنے لے آئے۔

جلسے میں وزیراعظم کے سرپرائز کا لوگ ڈیڑھ گھنٹے تک انتظار کرتے رہے، آخر میں وزیراعظم نے سرپرائز کھول کر بتا دیا، جیب سے خط نکال کر دکھایا کہ ملکی مفاد کا کہہ کر دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتا قبول نہیں کریں گے، آج پھر وہی سازش ہورہی ہے جو بھٹو کے خلاف ہوئی، سازش کا ہمیں تین ماہ سے پتا ہے ، باہر سے ہماری حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے جیب سے خط نکال کر لہراتے ہوئےکہا کہ وہ الزام نہیں لگا رہے ، ان کے پاس خط کی صورت میں ثبوت ہے، بہت سی باتیں ہیں، بہت جلد  اور مناسب وقت پر سامنے لائی جائیں گی، لندن میں بیٹھا ہوا شخص کس کس سے ملتا ہے،  پاکستان میں بیٹھے کردار کس کےکہنے پر چل رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پیسا باہر سے آرہا ہے، ہمارے لوگ استعمال ہو رہے ہیں، زیادہ  تر انجانے میں لیکن کچھ جان بوجھ کر یہ پیسا ہمارے خلاف استعمال کر رہے ہيں، جب پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوگی تو قوم سب کو دیکھےگی ۔

خیال رہےکہ وزیراعظم کافی عرصے سےکہہ رہے تھےکہ وہ 27 اکتوبرکو جلسے میں بڑا سرپرائز دیں گے، اس حوالے سے بہت چہ مگوئیاں اور تبصرے بھی کیے جارہے تھے ۔


مزید خبریں :