Time 28 مارچ ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک کا اظہارِ رائے کی آزادی کیلئے نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے پر غور

ایلون مسک نے نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے۔ —فوٹو: فائل
 ایلون مسک نے نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے۔ —فوٹو: فائل

دنیا کے امیر ترین شخص اور امریکی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نےاظہارِ رائے کی آزادی کیلئے نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں ٹوئٹر پر ایک صارف  نے ایلون مسک سے سوال کیا کہ کیا آپ ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے پر غور کریں گے؟ جو ایک  اوپن سورس الگورتھم پر مشتمل ہو جہاں اظہارِ رائے کی آزادی کو ترجیح دی جائے اور  پروپیگنڈا کم ہو ،  میرے خیال میں اس قسم کے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔

صارف کو  جواب دیتے ہوئے ایلون مسک کا کہنا تھا کہ 'میں اس بارے میں سنجیدگی سے غور کررہا ہوں'۔

رپورٹس کے مطابق اس سے قبل ایلون مسک نے سوشل میڈیا پر ایک پول کروایا تھا جس میں انہوں نے سوال کیا کہ 'ایک فعال جمہوریت کے لیے آزادی اظہار ضروری ہے،کیا آپ کو  لگتا ہے کہ ٹوئٹر اس اصول پر سختی سے عمل پیرا ہے؟'

ایلون مسک کی جانب سے کروائے گئے پول میں 70 فیصد سے زائد صارفین نے ' No' کا جواب دیا جبکہ 29 فیصد افراد نے ٹوئٹر کے حق میں ووٹ دیا۔

واضح رہے کہ ایلون مسک ٹوئٹر کی پالیسیوں پر اکثر اسے تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں  تاہم انہوں نے نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کے حوالے سے مزید کچھ تفصیلات نہیں بتائیں۔ 


مزید خبریں :