30 مارچ ، 2022
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ایک بڑی عالمی سازش ہے اور دھمکی آمیز خط سینئر صحافیوں کو دکھاؤں گا۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران ملکوں میں آتے رہتے ہیں، کوئی نئی چیز نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد ایک جمہوری حق ہے لیکن یہ فارن امپورٹڈ کرائسز اور پاکستان کے خلاف باہر سے سازش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک ٹیلی فون کال پر کنٹرول کرنے والوں نے سازش کی، یہ ان لوگوں کو برداشت نہیں جو نہیں چاہتے کہ ملک کے مفاد کے لیے فیصلے کرنے والی قیادت ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو نہیں بتا سکتے کہ کن ممالک نے دھمکی دی ہے، شک کیا جا رہا ہے کہ عمران خان حکومت بچانے کے لیے ایسا کر رہا ہے، مراسلہ پاکستان کے صحافیوں سے شیئر کروں گا، اپنی اتحادی جماعتوں کے ایک ایک نمائندے کو بلا کر بتاؤں گا، جتنا میں کہہ رہا ہوں اس سے بڑی سازش ہے، مراسلے میں واضح ہے، جو فیصلہ کرنا ہےکر لیں لیکن کہیں آپ بہت بڑی بین الاقوامی سازش کا حصہ نہ بن جائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا ہم نے اپنے مفادات کو کسی دوسرے ملک کے لیے قربان کیا، باہر کے لوگوں کوعادت نہیں کہ ایسی قیادت ہو جو ملک کے مفاد کو آگے رکھے، لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ ڈرامہ ہو رہا ہے، یہ ڈرامہ نہیں ہو رہا۔
انہوں نے بتایا کہ جنگ میں حصہ لے کر کیا فائدہ ہوا، صرف نقصان ہی نقصان ہوا، جنگ میں قبائلی علاقوں کے لوگوں کے ساتھ ظلم ہوا، ڈرون حملے ہوئے اور 35 لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی، زکوۃ دینے والے زکوۃ لینے والے بن گئے۔