Time 31 مارچ ، 2022
پاکستان

وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج بھی نہ ہوئی، اجلاس 3 اپریل تک ملتوی

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اہم اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدرات ہوا تاہم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج بھی نہ ہوئی اور ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس اتوار کو صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔

قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر اجلاس میں بحث بھی شامل تھا اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بحث کا آغاز کرنا تھا۔ 

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی صدارت میں اجلاس شروع ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے وقفہ سوالات کا آغاز کیا تاہم اس دوران انہوں نے جس بھی رکن قومی اسمبلی کو سوال پوچھنے کی دعوت دی اس نے سوال پوچھنے کے بجائے یہی کہا کہ وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر فوری طور پر ووٹنگ کرائی جائے۔

اس کے بعد قاسم سوری نے یہ کہہ کر اجلاس اتوار کی صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردیا کہ کوئی بھی وقفہ سوالات پر سنجیدہ نہیں ہے۔ 

خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی کی گئی تحریک عدم اعتماد 28 مارچ کو قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تھی اور قانون کے مطابق 3 اپریل کو ووٹنگ کا آخری دن ہے اور اگر اس دن بھی ووٹنگ نہ ہوئی تو وزیراعظم از خود عہدے سے فارغ تصور ہوں گے۔ 

اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھوچکے ہیں، عمران خان اب وزارتِ عظمی کے عہدے پر فائز نہیں رہ سکتے لہٰذا انہیں عہدے سے فوری طور پر ہٹایا جائے۔

عمران خان پاکستان کے تیسرے وزیراعظم ہیں جن کے کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے اور اگر یہ تحریک کامیاب ہوگئی تو وہ تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں عہدے سے فارغ ہونے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہوں گے۔

متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ 173 ارکان قومی اسمبلی موجود تھے جبکہ تحریک کی کامیابی کیلئے 172 ارکان کی حمایت درکار ہے۔ 


مزید خبریں :