08 اپریل ، 2022
ملک میں رواں ہفتے رمضان اور سیاسی صورتحال کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق اعداد وشمار جاری کردیے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1.53 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وارشرح 17.87 فیصد پرپہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں53 روپے 20 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ٹماٹر کی اوسط قیمت 153 روپے پرپہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ پیاز 13 روپے37 پیسے فی کلو، لہسن8 روپے86 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے گھی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 31 پیسے اضافے کے بعد 474 روپے23 پیسےہوگئی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتے مٹن کی فی کلو قیمت میں 33 روپے 48 پیسے، بیف کی فی کلو قیمت میں 16 روپے49 پیسے اضافہ ہوا جبکہ کیلے 14 روپے 62 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ چائے، دال چنا، دال مسور، تازہ دودھ اور خشک دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں8 روپے4 پیسے، چینی کی فی کلو قیمت میں 8 پیسے اور آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 8 روپے8 پیسےکمی ہوئی۔
آلو، سرخ مرچ، گڑ، دال ماش اور دال مونگ کی قیمت میں بھی معمولی کمی ہوئی جبکہ 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔