ایلون مسک کا ٹوئٹر کو خریدنے کا فیصلہ، کمپنی کو اربوں ڈالرز کی پیشکش بھی کردی

ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کردی—فوٹو: فائل
 ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کردی—فوٹو: فائل

امریکی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کردی ہے۔ 

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جمعرات کے روز ایلون مسک نے ٹوئٹ کے  ذریعے اعلان کیا کہ میں نے ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کی اور کہا کہ  میں  ٹوئٹر کے فی شیئر کی قیمت 54.20 ڈالرادا کروں گا ۔

رپورٹس کے مطابق فی شیئر کی قیمت سے اندازہ لگائے تو ایلون مسک نے ٹوئٹر کو تقریباً 40 ارب ڈالرز میں خریدنے کی پیشکش کی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایلون مسک کا کہنا ہے کہ  اگر ٹوئٹر کی جانب سے میری   پیشکش قبول نہیں کی گئی تو مجھے ایک شیئر ہولڈر کے طور پر اپنے عہدے پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہوگی۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے حال ہی میں ٹوئٹر کے 9 فیصد سے زائد تقریباً 3 ارب ڈالرز کی مالیت کے 7 کروڑ 34 لاکھ سے زائد حصص خریدے جس کے بعد وہ ٹوئٹر کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر بھی بن گئےجب کہ ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈور سی 2.25 فیصد حصص کے مالک ہیں۔

ایلون مسک نے ٹوئٹ میں امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے دستاویز کا لنک بھی شیئر کیا جس میں اسپیس ایکس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میری پیشکش کافی اچھی ہے، آپ کے شیئر ہولڈرز اسے پسند کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو مجھے اپنے ٹوئٹر کے حصص بیچنے پڑیں گے۔

دوسری جانب ٹوئٹر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمارا بورڈ ایلون مسک کی پیشکش کا جائزہ لے گااور ایسا طریقہ کار کا تعین کیا جائے گا جو کمپنی اور تمام ٹوئٹر شیئرز ہولڈرز کے بہترین مفاد میں ہو۔

یاد رہے کہ ایلون مسک کو گزشتہ دنوں ٹوئٹر کے  بورڈ میں شامل ہونے کا کہا گیا تھا تاہم انہوں نے اتوار کے روز بورڈ میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔

مزید خبریں :