23 اپریل ، 2022
معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے صارفین اور بالخصوص بچوں کو غیر اخلاقی مواد سے بچانے کے لیے اب نازیبا تصاویر سینسر کرنے کا فیچر پیش کردیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کی رپورٹ کے مطابق ایپل خود بخود ہی اپنے میسنجر پر نازیبا تصاویر کو سینسر یعنی دھندلا کردے گا۔
یہ فیچر گزشتہ برس امریکا میں متعارف کرایا گیا تھا جو اب کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں پیش کیا گیا ہے۔
مذکورہ فیچر سے صارفین آئی او ایس، آئی پیڈ او ایس اور میک او ایس پر مستفید ہوسکیں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ فیچر اب برطانیہ میں لانے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
ایپل ان غیر اخلاقی تصاویر کو اسکین کرکے اسے خود بخود دھندلا کردے گا جب کہ بھیجنے والے کو اس کا علم نہیں ہوگا، صارفین کی ایک دوسرے تک کی انکرپشن کو اسی طرح یقینی بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ والدین بچوں کو موبائل یا آئی پیڈ دیتے وقت مکمل مطمئن رہیں۔