ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر خرید لیا

ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز نقد قیمت میں خرید لیا ہے—فوٹو: فائل
ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز نقد قیمت میں خرید لیا ہے—فوٹو: فائل

دنیا کی مہنگی ترین بزنس ڈیل فائنل ہو گئی ، جس کے نتیجے میں امریکی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو تقریباً 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔

معاہدے کے مطابق ایلون مسک ٹوئٹر کی خریداری کے لیے 54.20 ڈالر فی شیئر نقد رقم ادا کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد  شیئر ہولڈر بن گئے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں اب تک کی کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سے بڑا سودا ہے۔ 

برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان  پیر کے روز  44 ارب ڈالرز میں معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا کنٹرول دنیا کے امیر ترین شخص تک منتقل  ہوجائے گا۔

ایلون مسک نے  ٹوئٹر کو خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے فی شیئر کی قیمت 54.20 ڈالر ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق اس پیشکش پر بات چیت گزشتہ ہفتے تک غیر یقینی دکھائی دی لیکن پھر ہفتے کے آخر میں مسک نے ٹوئٹر کے شیئر ہولڈرز کو اپنی پیشکش کی مالیاتی تفصیلات کے ساتھ آمادہ کیا جس کے بعد معاہدے میں تیزی آئی۔

بعد ازاں دباؤ کا شکار ٹوئٹر نے کمپنی کو مجوزہ 54.20 ڈالرز فی حصص کی قیمت پرفروخت کرنے کے لیے  ایلون مسک کے ساتھ بات چیت شروع کی اور پیر کے روز یہ ڈیل فائنل ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق اس خبر کے بعد ٹوئٹر کے شیئرز میں تقریباً 6 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :