27 اپریل ، 2022
جامعہ کراچی خودکش دھماکےکی تحقیقات جاری ہیں،جامعہ کی ایچ ای جے فارنزک لیبارٹری کو دھماکے میں ہلاک 4 افرادکے ڈی این اے نمونے موصول ہوگئے ہیں۔
ذرائع جامعہ کراچی کے مطابق چاروں افراد کی لاشیں نا قابل شناخت ہیں، پاکستانی ڈرائیور کے اہل خانہ کےڈی این اے حاصل کیے جا رہےہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرملکی اساتذہ کے اہل خانہ کے ڈی این اے نمونے موجود نہیں، اس لیے ان کے زیر استعمال اشیاء سے نمونے لینےکی کوشش کی جا رہی ہے، زیراستعمال ٹوتھ برش، استرے اور دیگر اشیاء سے نمونے ملنےکی امید ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے بم دھماکےمیں 3 چینی شہریوں سمیت 4 افراد ہلاک اور دو چینی باشندوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔