27 اپریل ، 2022
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ملاقات پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ ’پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا‘، پانامہ اور اقامہ کے ڈرامے کے فنکار آج ایک جگہ جمع ہوگئے.
ان کا کہنا تھاکہ آج دونوں کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا، صداقت اور امانت کے سرٹیفکیٹ ایک دوسرے کو بانٹنے والے ایک جگہ اکٹھے ہو گئے، نیا پاکستان کا فنکار اور ڈیم کا معمار دونوں کا گٹھ جوڑ سامنے آگیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک توشہ خانہ کھا گیا، دوسرا ڈیم کے پیسوں کا حساب نہیں دیتا، نواز شریف کے خلاف سازش کے کرداروں کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
خیال رہے کہ لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔