Time 29 اپریل ، 2022
پاکستان

’ہر چیز برداشت کر سکتے ہیں لیکن حرمین الشریفین کی تعظیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے‘

غم کی ایسی کیفیت ہے جو دور نہیں ہو رہی:چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی /فوٹوفائل
 غم کی ایسی کیفیت ہے جو دور نہیں ہو رہی:چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی /فوٹوفائل

چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر  اشرفی  نے مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے واقعے پر  ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ غم کی ایسی کیفیت ہے جو دور نہیں ہو رہی، آقائے دوجہاں ﷺ کے دربار میں حاضری پر جاتے ہوئے جو شرمساری ہے وہ ناقابل بیان ہے،گزشتہ 100 سال میں اس طرح کی بےہودگی اور بدتمیزی اس مقدس جگہ پر نہیں ہوئی۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ تمام علماء سے اپیل کرتا ہوں آج جمعۃ المبارک کو پورے ملک میں احتجاج کریں اور  پاکستان کے اندر جن لوگوں نے اس وائلنس کو ابھارا ہے، حکومت ان کے خلاف ایکشن لے۔

انہوں نے  کہا کہ سعودی حکومت اپنے قوانین کی خلاف ورزی پر اقدامات کرے گی اور کر رہی ہے، ہر چیز برداشت کر سکتے ہیں لیکن حرمین الشریفین کی تعظیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔

انھوں نے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ  یہ چھوٹا کام نہیں ہوا، پاکستان کو بدنام اور حرمین الشریفین کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی، 30 اپریل کو اس حوالے سے اہم اعلان کریں گے، سیاسی لڑائی جس نے لڑنی ہے سیاست کے میدان میں لڑے۔

مسجد نبوی میں پیش آئے واقعے کا پس منظر

وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، شاہ زین بگٹی، چوہدری سالک حسین، خواجہ آصف، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف اور ایم این اے محسن داوڑ شامل ہیں، وفد میں وزیراعظم شہباز شریف کے پرسنل اسٹاف کے 4 لوگ بھی شامل ہیں۔

بعد ازاں وزیر اعظم اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺپر حاضری دینے پہنچا جہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے نعرے بازی شروع کردی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کچھ افراد مریم اورنگزیب اور شازین بگٹی کو گھیرتے ہوئے ان کے خلاف چور ،چورکے نعرے لگا تے ہوئے ویڈیوز بھی بنارہے ہیں۔

مزید خبریں :