30 اپریل ، 2022
سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان نے عمران خان کی ایمنسٹی اسکیم سے 33 کروڑ روپے جبکہ ان کے شوہر احسن جمیل گجر نے 2 کروڑ روپے بخشوا لیے۔
احسن جمیل گجر نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں اعتراف بھی کر لیا لیکن بہانہ یہ بنایا کہ ہم دونوں غیر سیاسی شخصیات ہیں۔
شاہ زیب خانزادہ نے انھیں شہباز گل کا ٹوئٹ یاد دلایا کہ فرح گجر پی ٹی آئی کی رکن ہیں جبکہ خود احسن جمیل ضلع کونسل کے چیئرمین رہے۔
احسن جمیل گجر نے کہا کہ وہ دو تین ہفتوں میں پاکستان آ کر تحقیقات کا سامنا کریں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے 2018 کے بعد فرح گجر کے اثاثوں میں غیر معمولی اثاثوں کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔