01 مئی ، 2022
سابق وزیر اعظم عمران خان کی بنائی گئی نیشنل رحمتہ اللعالمین اتھارٹی نے بھی مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
چیئرمین نیشنل رحمتہ اللعالمین ﷺ اتھارٹی ڈاکٹر انیس احمد نے ایک بیان میں کہا کہ اتھارٹی کے ارکان نے خصوصی قرارداد کے ذریعے مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا۔
چیئرمین نیشنل رحمتہ اللعالمین ﷺ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ احاطہ حرمِ نبوی ﷺ کے مقام پر حالیہ واقعہ باعثِ ندامت ہے، واقعے میں ملوث تمام لوگوں کو اللہ کے حضور معافی مانگنی چاہیے اور توبہ کرنی چاہیے۔
ڈاکٹر انیس احمد کا کہنا ہے کہ کسی بھی مسلمان کو ایسی حرکت پر اپنی آخرت بچانے کے لیے اللہ کے حضور معافی کا درخواست گار ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف حال ہی میں 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے تھے جہاں مسجد نبوی ﷺ کے احاطے میں کچھ افراد نے وفاقی وزراء کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی تھی۔