نیب نے فرح خان کیخلاف انکوائری سے متعلق وضاحت جاری کردی

نیب نے فرح خان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری سے متعلق وضاحت جاری کردی—فوٹو: فائل
نیب نے فرح خان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری سے متعلق وضاحت جاری کردی—فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب)لاہور نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی دوست فرح خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری سے متعلق وضاحت جاری کردی۔

ترجمان نیب لاہور نے ایک اعلامیے میں فرح خان سے متعلق انکوائری پر آئینی و قانونی دائرہ اختیار کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کسی بھی پبلک آفس ہولڈریا اس  کے اہل خانہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات پر قانون کے مطابق انکوائری کرسکتا ہے۔

نیب ترجمان کا کہنا ہے فرح خان کے شوہراحسن جمیل گجر 1997 سے 1999 تک بطور چیئرمین ضلع کونسل گوجرانوالہ قومی عہدہ پر رہے،آئین وقانون کےمطابق سابقہ عہدیدار یا ان کے اہل خانہ سے متعلق کرپشن کی شکایات نیب کے دائرہ اختیار میں ہیں۔

ترجمان نیب لاہور  کے مطابق نیب ہیڈکوارٹر کی جانب سے فرح خان کے خلاف انکوائری کی منظوری قانون کے مطابق دی گئی،جس کی وضاحت اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ اورقومی احتساب آرڈیننس میں واضح ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب ایک آزاد،خودمختار آئینی ادارہ ہے،مذکورہ کیس میں بھی قانون کے مطابق شفاف انداز میں انکوائری کی جائے گی۔

مزید خبریں :