مبینہ سازش: چیف جسٹس بہترین آدمی ہیں، اُن کی سربراہی میں کمیشن بنائیں، عمران خان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق وزیر اعظم عمران خان نےکہا ہےکہ منتخب حکومت کو سازش سےگرایا گیا، چیف جسٹس بہترین آدمی ہیں، اُن کی سربراہی میں کمیشن بنائیں، ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے انتخابات  ہوں جو صحیح چیف الیکشن کمشنر کی نگرانی میں ہوں۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ  وہ اینٹی امریکا نہیں، کسی ملک کے مخالف نہیں، امریکا اپنے فائدے کے لیے حکومتیں تبدیل کرتا ہے، ہمارے فائدے کے لیے نہیں، سازش کے ایک ایک کردار کا پتاہے۔

عمران خان نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس بہترین آدمی ہیں، اُن کی سربراہی میں کمیشن بنائیں، منتخب وزیراعظم کو ایک سازش کے تحت فارغ کیا گیا، سارے اداروں کو دیکھنا چاہیے، اس سے ملک کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے، منتخب حکومت کوسازش کے تحت گرایا گیا، اگر ایکشن نہیں لیا گیا توجمہوریت کو نقصان ہوگا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے، ہمیں آزاد ملک رہنا ہے یا غلام بن کر رہنا ہے، میرے پاس  ثبوت ہیں کہ امریکی سفارتخانے میں کون کون جاتا رہا، حسین حقانی، نواز شریف سے لندن میں ملا، وہاں سازش ہورہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کہتے رہے نااہل ہے، سلیکٹڈ ہے، ہم نے ساڑھے تین سال سنا، آئیں عوام فیصلہ کرے گی، الیکشن کرائیں، انہیں پتہ ہے الیکشن کرائے تو یہ پٹ جائیں گے،  الیکشن کمشنر پر سب سے بڑی پارٹی کو اعتماد نہیں، اس الیکشن کمشنر سے بڑا جانبدار الیکشن کمشنر نہیں دیکھا،  ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے انتخابات ہوں جو صحیح چیف الیکشن کمشنر کی نگرانی میں ہوں۔

 اپنی اہلیہ کی قریبی دوست فرح گوگی سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر فرح نے ٹیکس نہیں دیا تو ایف بی آر میں کیس کردیں، نیب کا کیس کیسے بن گیا؟ نیب کا تماشہ دیکھ رہا ہوں، ایک مہینہ نہیں ہوا اور آتے ہی انتقامی کارروائی شروع کردی، فرح کا ایک قصور ہےکہ وہ بشریٰ بی بی کے قریب ہے۔

مزید خبریں :