09 مئی ، 2022
گوگل نے اینڈرائیڈ موبائل فون میں کال ریکارڈنگ کرنے والی ایپلی کیشنز کو بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل 11 مئی سے اینڈرائیڈ فونز میں تمام کال ریکارڈنگ ایپس کو بلاک کر رہا ہے جبکہ صارفین پلے اسٹور سے کال ریکارڈر ایپس کو ڈاؤن لوڈ بھی نہیں کرسکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق گوگل کی جانب سے یہ فیصلہ صارفین کی بہتر رازداری کے لیے کیا گیا ہے۔ ڈیولپرز اب ایپلیکیشن پروگرامنگ انٹرفیس (API) تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے جس نے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پرکال ریکارڈنگ سہولت فراہم کی تھی۔
اب اینڈرائیڈ فون میں ایپلی کیشنزکال ریکارڈ نہیں کر سکیں گی اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ صارفین اب اس فیچر کو استعمال نہیں کرسکیں گے۔
اینڈرائیڈ کے بارے میں اچھی بات یہ ہے کہ یہ اوپن سورس ہے، جو مینوفیکچررز کو سافٹ ویئر موبائل میں استعمال کے قابل بنانے سے پہلے اس میں تبدیلی کرنےکی اجازت دیتا ہے اور بہت سے برانڈز نے اسٹاک اینڈرائیڈ کے تجربے سے الگ رہنے کے لیے اس فارمولے پر انحصار کیا ہے۔
لہٰذا اگر آپ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون پر کال ریکارڈر کا فیچر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو کچھ ایسے برانڈز ہیں جو اسے اپنے موبائل میں صارفین کو پہلےسے ( بلٹ ان) کا آپشن فراہم کرتے ہیں۔
وہ اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز جو کال ریکارڈنگ کا فیچر صارفین کو پہلے سے ہی موبائل میں مہیا کرتے ہیں۔
شیاؤمی/ریڈ می (Xiaomi/ Redmi)
سام سنگ(Samsung)
اوپو (Oppo)
پوکو(Poco)
ون پلس (OnePlus)
ریئل می(Realme)
وی وہ (Vivo)
ٹیکنو (Tecno)