10 مئی ، 2022
فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے ٹیکس ایڈوائزر ایڈووکیٹ اسد رسول نے اپنی مؤکلہ پر لگائے گئے الزامات کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
اسد رسول ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فرح بی بی کےتمام معاملات عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ بننے سے پہلے کے ہیں لہٰذا ان پر عائد الزامات سراسر بے بنیاد اور جھوٹ ہیں۔
اسد رسول ایڈووکیٹ نےکہا کہ گزشتہ حکومت میں فرح بی بی کی دولت میں چار گنا اضافے کی بات غلط ہے، ان کے 30 جون 2018 تک اثاثوں کی مالیت 70 کروڑ روپے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر اگر کوئی پوچھ گچھ ہوتی ہے تو اس کا جواب دیں گے ، ٹیکس کی حد تک جواب دہ ہوں، سیاسی جواب نہیں دے سکتا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ ساڑھے تین سال پنجاب کی عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا جب کہ فرح گوگی نے عمران خان کی ایما پر پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم کیا، عمران خان نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے فرح گوگی کو 32 کروڑ کا فائدہ پہنچایا۔