Time 11 مئی ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل کی آئیکونک ڈیوائس کا عہد 21 سال بعد اختتام پذیر

2019 میں آخری بار متعارف کرائے جانے والا سیون جنریشن آئی پوڈ ٹچ / فوٹو بشکریہ ایپل
2019 میں آخری بار متعارف کرائے جانے والا سیون جنریشن آئی پوڈ ٹچ / فوٹو بشکریہ ایپل

آئی پوڈ ایپل کی وہ ڈیوائس تھی جسے جب متعارف کرایا گیا تو اسے انقلابی قرار دیا گیا تھا اور اب 21 سال بعد اس کا عہد اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

ایپل کی جانب سے آئی پوڈ ٹچ کی پروڈکشن روکنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

2001 میں جب ایپل نے پہلا آئی پوڈ متعارف کرایاتھا تو اس میں ایک ہزار گانے اسٹور کیے جاسکتے تھے اور آج ایپل کی اسٹریمنگ سروس سے اس ڈیوائس میں 9 کروڑ سے زیادہ گانوں کو سننا ممکن ہے۔

اسٹیو جابز نے 2001 میں ایک ایونٹ میں پہلے آئی پوڈ کو متعارف کراتے ہوئے کہا تھا کہ موسیقی ہر ایک کی زندگی کا حصہ ہے اور اب ایک ہزار گانے آپ کی جیب میں ہوں گے۔

2007 کے آئی پوڈ ٹچ کو ایپل کی اسی ٹیم نے ڈیزائن کیا تھا جس نے بعد میں آئی فون کو تیار کیا اور ایپل کے اس اسمارٹ فون نے بہت جلد آئی پوڈ کی مقبولیت کو ختم کردیا۔

2001 میں متعارف کرایا گیا پہلا آئی پوڈ / فوٹو بشکریہ ایپل
2001 میں متعارف کرایا گیا پہلا آئی پوڈ / فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل نے آخری بار 2019 میں آئی پوڈ ٹچ کو اپ ڈیٹ کیا تھا ۔

21 برسوں کے دوران آئی پوڈ کے متعدد ماڈلز متعارف کرائے گئے جن میں نانو اور شفل بھی شامل ہیں مگر 2007 میں پیش کیے جانے والے آئی پوڈ ٹچ کو ہی بعد میں اپ ڈیٹ کرکے متعارف کرانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔

2004 کا آئی پوڈ منی / فوٹو بشکریہ ایپل
2004 کا آئی پوڈ منی / فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اب نئے آئی پوڈ نہیں بنائے جائیں گے اور اسٹاک کے خاتمے پر صارفین کو یہ ڈیوائس دستیاب ہوگی۔

ایپل کے ورلڈ وائیڈ مارکیٹنگ کے سنیئر نائب صدر گریگ جوسویکی نے کہا کہ آئی پوڈ نے موسیقی کو سننے، تلاش اور شیئر کرنے کے انداز کو بدل کر رکھ دیا ہے۔

مزید خبریں :