ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری،کراچی میں دورانیہ 6 سے 14گھنٹوں تک پہنچ گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم نہ ہوسکی،کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 14گھنٹوں تک پہنچ گیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں دن رات لگا تار  لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور کے الیکٹرک کے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنےکے دعوے دھرے رہ گئے ہیں، شدید گرمی میں دن اور رات جاری لوڈ شیڈنگ سے شہری شدید کوفت کا شکار ہیں۔

کراچی کے علاوہ حیدرآباد ،لاڑکانہ ،نوابشاہ سمیت کئی شہروں میں لوگ لوڈشیڈنگ سے پریشان  ہیں۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی طلب بڑھنے سے لوڈشیدنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے، ،بجلی کی 2 سے 3 گھنٹے کی بندش کے علاوہ ٹرپنگ بھی جاری  ہے، لیسکو کا کوٹا 2 سو میگاواٹ مزید بڑھا دیا گیا ہے ۔

لیسکو حکام کے مطابق بجلی کی طلب 4 ہزار 500 میگاواٹ ہے اور کوٹا بھی اتنا ہی مل رہا ہے ، دوپہر کے وقت طلب 5 ہزار میگاواٹ ہونے کا امکان ہے ،دوپہر کے وقت لوڈشیڈنگ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

لیسکو حکام کا کہنا ہےکہ شہر میں صرف ایک گھنٹہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول دیا گیا ہے جب کہ دیہات میں 2 گھنٹے کا شیڈول دیا گیا ہے۔

پشاور کے شہری علاقوں میں 6گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 16گھنٹے بجلی کی بندش کی جارہی ہے۔

 پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی پشاور کے رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں گھس گئے اور گرڈ اسٹیشن بند کردیا۔

جیونیوز سے گفتگو میں فضل الہٰی کا کہنا تھا کہ  واپڈا حکام غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کر رہے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے خود گرڈاسٹیشن گیا اور بجلی بحال کی ہے، خیبر پختونخوا کے عوام کو عمران خان سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :