Time 16 مئی ، 2022
پاکستان

عمران خان کو گرفتار کرنے والے کا پاکستان میں رہنا مشکل ہو جائے گا: فواد چوہدری

رانا ثناء اللہ پاگل ہی ہو گا اگر عمران خان کو گرفتار کرےگا، رہنما تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل
رانا ثناء اللہ پاگل ہی ہو گا اگر عمران خان کو گرفتار کرےگا، رہنما تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے والے کا پاکستان میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا پاکستان تحریک انصاف ملکی معیشت مستحکم چھوڑ کر گئی تھی لیکن پاکستان کو خطرناک معاشی بحران میں دھکیلا جارہا ہے، ایک وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں بیٹھا ہوا ہے اور ایک پاکستان میں موجود ہے، دانستہ طور پر پاکستان کا دیوالیہ کیا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک ہی تجربہ بار بار کرنا احمقانہ ہے، بہت تجربہ ہو چکا، شہباز کی حکومت کو گھر بھیج کر انتخابات کرائے جائیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی تباہی سیاسی بحران کی وجہ سے آئی ہے، کہا جا رہا ہے اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں لیکن میں کہتا ہوں 48 گھنٹے بھی اس حکومت کے لیے بہت زیادہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں 90 دن سے ایک بھی دن اوپر عبوری حکومت منظور نہیں، پاکستان میں 90 دن میں انتخابات کرائے جائیں، آج انتخابات کا اعلان کریں، بیٹھ کر پاکستان کے مسائل حل کریں گے۔

تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے اراکین اسمبلی کی جانب سے سرکاری گاڑیاں اور گھر نہ چھوڑنے سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ سرکاری گاڑیاں اور گھر چوروں کے حوالے نہیں کرنا چاہتے۔

عمران خان کی گرفتاری سے متعلق سوال پر رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ رانا ثناء اللہ پاگل ہی ہو گا اگر عمران خان کو گرفتار کرےگا، جس نے بھی عمران خان کو گرفتار کیا اس کا پاکستان میں رہنا مشکل ہو جائے گا، عمران خان کو گرفتار کرنے والا اپنا پاسپورٹ کمبوڈیا کا بنوا لے۔

مزید خبریں :