16 مئی ، 2022
گوگل میپس کا استعمال صارفین گزشتہ 17 سال سے کررہے ہیں اور اس میں مسلسل نئے فیچرز کا اضافہ ہوتا رہتا ہے۔
کچھ فیچرز کا مقصد لوگوں کو ایک سے دوسری جگہ پہنچنے میں مدد فراہم کرنا ہے جبکہ کچھ ٹولز ایسے ہوتے ہیں جن کا اکثر صارفین کو علم ہی نہیں ہوتا۔
ان میں سے کچھ خفیہ فیچرز بہت زیادہ مددگار ثابت ہوتے ہیں جن کو جان کر گوگل میپس کا استعمال زیادہ مؤثر انداز سے کیا جاسکتا ہے۔
ایسے ہی چند بہترین فیچرز جانیں جن کا علم بہت کم افراد کو ہوتا ہے۔
گوگل میپ میں اپنا نقشہ بنانے کے لیے آپ کو نقشہ نویس بننے کی ضرورت نہیں،بس اس فیچر کا استعمال کرنے کا طریقہ جاننا ضروری ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ میں گوگل میپس سائٹ اوپن کریں۔
اس سائٹ میں بائیں جانب کے اوپری کونے میں تھری ڈاٹ مینیو بٹن پر کلک کرکے یور پلیسز میں جائیں، جہاں لسٹس، لیبلڈ، وزٹڈ اور میپس کے نام سے 4 آپشن کی ایک ٹیب ہوگی۔
اس ٹیب میں میپس پر کلک کریں ، وہاں نیچے کریئیٹ میپ کا آپشن ہوگا ، جس پر کلک کرنے سے ایک الگ ونڈوز میں ایک میپ اوپن ہوگا اور وہاں جن مقامات پر آپ جانا چاہتے ہیں ان کو تلاش کرکے مارک کردیں۔
یہ ان افراد کے لیے بہترین ٹول ہے جو پہلی بار کسی جگہ جارہے ہوں اور وہاں کے بارے میں کچھ معلوم نہ ہو۔ آپ وہاں مختلف گروپس میں مقامات کو تقسیم کرسکتے ہیں جبکہ شیئر کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔
اگر آپ اپنے دوستوں یا جاننے والوں سے ملنے جارہے ہیں اور یہ اندازہ نہیں ہورہا کہ وہ کہاں ہے ، تو آپ کے دوست گوگل میپس کو استعمال کرکے اپنی درست لوکیشن شیئر کرسکتے ہیں، آپ کو بس میپ پر دیے جانے والے راستوں یا ڈائریکشن پر چلنا ہوگا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے فون میں گوگل میپس کو اوپن کریں اور پروفائل پکچر پر کلک کرکے وہاں مینیو میں لوکیشن شیئرنگ کو سلیکٹ کریں۔
اس کے بعد شیئر لوکیشن پر کلک کریں گے تو گوگل میپس کی جانب سے کانٹیکٹس کو اوپن کردیا جائے گا جہاں سے مطلوبہ فرد کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
ایک بار لوکیشن شیئر کرنے کے بعد صارف کو لائیو اپ ڈیٹ ملے گی کہ اس کے دوست اب کہاں ہیں بلکہ یہ بھی دیکھنا ممکن ہوگا کہ ان کے فون کی بیٹری پاور کتنی رہ گئی ہے۔
لوکیشن شیئرنگ کو ٹرن آف کرنے کے لیے فون میں میپس اوپن کرکے لوکیشن شیئرنگ اسکرین میں نیچے موجود اسٹاپ بٹن پر کلک کریں۔
اگر آپ کے پاس وائی فائی کی سہولت نہ ہو اور انٹرنیٹ ڈیٹا بچانا چاہتے ہوں یا کسی ایسے مقام پر جارہے ہوں جہاں انٹرنیٹ سروس ہی نہ ہو تو آپ آف لائن بھی گوگل میپس استعمال کرسکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے اسمارٹ فون میں گوگل میپس کو اوپن کریں اور وہاں پروفائل پکچر پر کلک کرکے سیٹنگز مینیو میں آف لائن میپس کے آپشن پر کلک کریں، جہاں آپ پہلے سے ڈاؤن لوڈ میپس دیکھ سکتے ہیں یا مخصوص مقامات کے میپ کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
مطلوبہ منزل تک پہنچنے کا راستہ جاننے کے لیے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر اس کا نام لکھ کر سرچ کریں یا وہ مقام آپ کے سامنے اسکرین پر موجود ہے تو ماؤس کا رائٹ کلک کرنے پر ایک لسٹ سامنے آجائے گی ، جس کے آپشنز کو آپ راستہ جاننے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
اگر آپ گوگل میپس کو اکثر استعمال کرتے ہیں تو گوگل کی جانب سے آپ کی سرگرمیوں کو بہت زیادہ تفصیل سے ریکارڈ کیا جاتا ہے، جس کو دیکھنے کے لیے کمپیوٹر پر گوگل میپس کی سائٹ پر جائیں۔
وہاں تھری ڈاٹ مینیو اوپن کرکے یور ڈیٹا ان میپس کو سلیکٹ کریں ، جس پر گوگل کنٹرول پیج کھل جائے گا جہاں لوکیشن ہسٹری اور پھر سی اینڈ ڈیلیٹ ایکٹیوٹی کے آپشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
آپ اپنی سرگرمیوں کی ٹائم لائن پر مبنی میپ کو بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔
اس فیچر کو موبائل پر استعمال کرنے کے لیے میپس میں سیٹنگز پر جاکر پہلے میپس ہسٹری، پھر سرچ یور ایکٹیویٹی اور پھر تھری ڈاٹ مینیو میں ڈیلیٹ ایکٹیویٹی کے آپشن کا انتخاب کریں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ میپس میں آپ کی سرگرمیاں گوگل ریکارڈ میں محفوظ نہ ہو تو انکوگنیٹو موڈ کا استعمال کیا جاسکتا ہے، جس کے بعد گوگل میپس آپ کے اکاؤنٹ کی سرچ ہسٹری کو محفوظ نہیں کرتا یا نوٹیفکیشن نہیں بھیجتا۔
اس کو استعمال کرنے کے لیے میپس ایپ کو اوپن کرکے پروفائل پکچر پر کلک کریں اور وہاں نیچے ٹرن آن انکوگنیٹو موڈ کو سلیکٹ کرلیں، اسی طریقے سے یہ موڈ ٹرن آف کیا جاسکتا ہے۔