Time 18 مئی ، 2022
پاکستان

نگران وزیراعظم کیلئے انٹرویوز پنڈی اسلام آباد میں ہورہے ہیں: شیخ رشید کا دعویٰ

حساس اداروں کی اکثریت کی رائے ہے کہ الیکشن ہی حل ہیں: سابق وزیر داخلہ کی جیونیو زکے پروگرام میں گفتگو/ فائل فوٹو
 حساس اداروں کی اکثریت کی رائے ہے کہ الیکشن ہی حل ہیں: سابق وزیر داخلہ کی جیونیو زکے پروگرام میں گفتگو/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ستمبر میں الیکشن کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہےکہ نگران وزیراعظم کے لیے معیشت دانوں کے انٹرویوز  راولپنڈی اسلام آباد میں ہورہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ 31 مئی سے پہلے فیصلے ہوں گے، ان کے پاس ایک ووٹ کی اکثریت ہے اور یہ قائم نہیں رہ سکتے، آصف زرداری نے (ن) لیگ کو وہاں مارا ہے جہاں ان کوپانی نہ ملے۔

انہوں نے کہا کہ نیب، ایف آئی اے اوراے این ایف میں سماعت کی پیروی نہ کرنے کی تیاریاں ہورہی ہیں، آپ نہ نیب کا کچھ بگاڑ سکیں گے اور نہ ایف آئی اے کا کچھ بگاڑ سکیں گے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ تکلیف کہیں ہے اور درد کہیں اور اُٹھ رہا ہے، حکومت ان سے چل نہیں رہی یہ بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔

سابق وزیر نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لیے معیشت دانوں کے انٹرویوز راولپنڈی اسلام آباد میں ہورہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ جتنی دیر کریں گے اتنی اپنے لیے سیاسی قبر کھودیں گے، بہتر ہے لانگ مارچ سے قبل الیکشن کی تاریخ دی جائے۔

اس سے قبل گزشتہ روز جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا  کہنا تھا کہ حساس اداروں کی اکثریت کی رائے ہے کہ الیکشن ہی حل ہیں اور ادارے کہتے ہیں کہ آصف زرداری کے علاوہ سب الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اداروں کا خاص تھا،  ہوں اور رہوں گا، حکومت نے اداروں سے رابطہ کیا اور ڈیڑھ سال کی گارنٹی مانگی لیکن اداروں نے نہیں دی، جب ادارے نیوٹرل ہوئے اور اپنے آپ کو الگ کیا تو اب ان سے حکومت نہیں چل رہی۔

مزید خبریں :