ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون کی تیاری میں پیشرفت

ایپل ایک فولڈ ایبل ڈیوائس میں ایک کلر ڈسپلے کی آزمائش کرنے میں مصروف ہے / فوٹو بشکریہ ای انک
ایپل ایک فولڈ ایبل ڈیوائس میں ایک کلر ڈسپلے کی آزمائش کرنے میں مصروف ہے / فوٹو بشکریہ ای انک

اب تک سام سنگ، ہواوے، اوپو ، شیاؤمی اور موٹرولا سمیت کئی کمپنیاں فولڈ ایبل فون پیش کرچکی ہیں مگر ایپل نے اب تک ایسا کوئی آئی فون تیار نہیں کیا۔

مگر اب اس حوالےسے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ایپل نے ایک فولڈ ایبل ڈیوائس پر ای انک کے تیار کردہ ایک کلر ڈسپلے کی آزمائش شروع کردی ہے۔

ایپل ڈیوائسز کے حوالے سے معروف تجزیہ کار منگ چی کیو نے اس بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ کلر الیکٹرونک پیپر ڈسپلے فولڈ ایبل ڈیوائسز کی کور یا سیکنڈ اسکرین لیے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای انک ڈسپلے کو ایپل کی جانب سے ٹیبلیٹ جیسی ایپلیکشنز میں ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

اس وقت ٹیبلیٹ کے انداز کے بیشتر فولڈ ایبل فونز میں اندرونی اسکرین کے لیے بڑا ڈسپلے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ باہری ڈسپلے کا حجم چھوٹا ہوتا ہے جن کو نوٹیفکیشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

مگر حالیہ مہینوں میں متعارف کرائی گئی ڈیوائسز جیسے سام سنگ گلیکسی زی فولڈ 3 یا اوپو فائنڈ این میں اندر اور باہر دونوں جگہ او ایل ای ڈی ڈسپلے استعمال کیے گئے ہیں۔

ایپل کی جانب سے استعمال کی گئی ای انک اسکرین کےکلرز تو مدھم ہوسکتے ہیں مگر وہ ڈسپلےکم پاور استعمال کرے گا۔

اس حوالے سے کافی عرصے سے افواہیں سامنے آرہی ہیں کہ ایپل کی جانب سے سام سنگ اور ہواوے جیسی کمپنیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک فولڈ ایبل ڈیوائس کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

2021 کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے کمپنی کے اندر فولڈنگ ڈسپلے کے پروٹوٹائپ پر کام ہورہا ہے جبکہ اپریل 2022 میں منگ چی کیو نے بتایا کہ ایپل کی جانب سےجلد سے جلد 2025 میں 9 انچ کے فولڈ ایبل ڈسپلے سے لیس ڈیوائس کو پیش کیا جاسکتا ہے۔

بعد ازاں بلومبرگ نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایپل کی جانب سے 20 انچ کے بڑے ڈسپلے پر مبنی فولڈ ایبل ڈیوائس کو 2026 تک جاری کیا جاسکتا ہے۔

اب منگ چی کیو نے نئی لیک میں ای انک ڈسپلے کے سائز کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

مزید خبریں :