Time 20 مئی ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل 2015 کے بعد پہلی بار نئی ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیوائس پیش کرنے کیلئے تیار

یہ ہیڈ سیٹ 2022 کے آخر یا 2023 کے شروع میں کسی وقت پیش کیا جاسکتا ہے / رائٹرز فوٹو
یہ ہیڈ سیٹ 2022 کے آخر یا 2023 کے شروع میں کسی وقت پیش کیا جاسکتا ہے / رائٹرز فوٹو

ایپل کو آئی فونز ، آئی پیڈز اور میک کمپیوٹر ڈیوائسز کے لیے جانا جاتا ہے مگر بہت جلد یہ کمپنی ایک نئی ڈیوائس کو پیش کرنے والی ہے۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کے مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ کی تیاری میں پیشرفت ہوئی ہے جس کو کمپنی کے بورڈ میٹنگ میں پیش کیا گیا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ مئی کے وسط میں اس ہیڈ سیٹ کو کمپنی کی بورڈ میٹنگ میں پیش کیا گیا تھا۔

ایپل کی جانب سے اس آپریٹنگ سسٹم کی تیاری پر کام بھی تیز کردیا گیا ہے جس کو ہیڈ سیٹ پر چلایا جائے گا۔

یہ ہیڈ سیٹ اگیومینٹ اور ورچوئل رئیلٹی ٹیکنالوجی کے امتزاج پر مبنی ہوگا اور یہ 2015 میں ایپل واچ کے بعد امریکی کمپنی کی پہلی نئی ٹیکنالوجی ڈیوائس ہوگی۔

ایپل کی جانب سے یہ ہیڈسیٹ 2022 کے آخر یا 2023 میں کسی وقت متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

صارفین کو یہ ہیڈ سیٹ 2023 میں استعمال کرنے کا موقع مل سکے گا اور آنے والے برسوں میں اس کو آئی فون کا متبادل بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کا مقصد 10 برسوں اے آر کو آئی فون کی جگہ دینا ہے۔

2021 میں بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایپل کے اندرونی حلقوں میں اے آر اور وی آر ڈیوائسز کے حوالے سے اختلافات موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے دونوں ٹیکنالوجیز کو اکٹھا کرنے کی بجائے الگ الگ ڈیوائسز کا حصہ بنایا جاسکتا ہے ، یعنی وی آر ہیڈ سیٹ پہلے متعارف کرایا جائے گا جس کے بعد اے آر اسمارٹ گلاسز کی آمد ہوگی۔

مزید خبریں :