عمران خان کی بیٹی کی عمرکی ہوں، میرے متعلق نازیبا الفاظ پرحیرت نہیں ہوئی: مریم نواز

فوٹو: پی ایم ایل این سوشل میڈیا
فوٹو: پی ایم ایل این سوشل میڈیا

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے تقریر میں اپنے لیے نامناسب الفاظ کے استعمال پر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا۔

جاتی عمرا لاہور میں مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب بھی عمران خان کا نام لینا پڑتا ہے تو دلی تکلیف ہوتی ہے، یہ شخص اس قابل نہیں کہ اس کا نام لیا جائے، عمران خان کا نام مجھے دل پر پتھر رکھ کر لینا پڑ تا ہے، ورنہ عمران خان جیسے شخص کو مڑکر بھی نہ دیکھوں، حیرانی نہیں ہوئی جب عمران خان نے میرے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے والد کی عمرکے اور میں ان کی بیٹی کی عمر کی ہوں، عمران خان نے پاکستان اور پنجاب کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر اٹیک کیا، عمران خان نے کل نوجوانوں کو کیا پیغام دیا، بڑی افسوس ناک بات ہے ،جتنی مذمت کی جائےکم ہے، میں آپ کو آپ کی زبان میں جواب نہیں دے سکتی، مسلم لیگ ن کسی انتقام میں شامل نہیں ہوگی نہ ساتھ دے گی، عمران کےخلاف سیاسی مواد اتنا ہے کہ ذاتی حملے کی ضرورت نہیں۔

نائب صدر ن لیگ نےکہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری پر خوشی نہیں ہوئی لیکن یہ مقدمہ ان کی اپنی بزدار حکومت میں قائم ہوا ، تحریک انصاف والے عورت کارڈ کی طرف نہ آئيں ، وہ خود بھی اس عمل سے گزری ہیں ، جب وہ سولہ برس کی تھیں تو انہيں چار برس اڈيالہ جیل میں رکھا گيا ، جب انہيں گرفتار کیا گيا توانہوں نے عورت کارڈ نہيں کھیلا جبکہ انہيں والد اور بچوں کے سامنے گرفتار کیا گيا، انہيں کسی عورت نے گرفتار نہیں کیا ، انہيں مردوں نے گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ  رات میں مرد ان کے کمرے میں دھاوا بول کر ویڈيو بناتے تھے ،ان کے ساتھ جو کچھ ہوا اگر زبان کھولی تو بات بہت دور تک جائےگی ، اینٹی کرپشن نے شیریں مزاری کو گرفتار کیا ہے تو کوئی وجہ ہوگی ، انہوں نے بوگس کمپنی کے نام 800 کنال زمین منتقل کی، اگر وہ بے قصور ثابت ہوئيں تو سب سے پہلے مریم نواز  ان کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔


مزید خبریں :