25 مئی ، 2022
اداکارہ مریم نفیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لانگ مارچ کی کال پر سری نگر ہائی وے پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔
مریم نفیس کی جانب سے لانگ مارچ سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک خصوصی ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا اور اسلام آباد کے رہائشیوں سے خصوصی اپیل بھی کی گئی ہے۔
مریم نفیس نے کہا کہ ’وہ اپنے دوستوں اور خاندان والوں کے ساتھ 25 مئی کو سری نگر ہائی پر پہنچیں گی، وہ امید کرتی ہیں کہ آپ بھی پاکستان کے لیے اپنے گھروں سے نکلیں گے۔‘
مریم نفیس نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’اگر آپ اسلام آباد کے شہری ہیں تو پلیز اپنے گھروں سے دوسرے شہروں سے آنے والے شرکا کے لیے پانی ضرور لائیں، بہت گرمی ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے آج ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے پنجاب کے مختلف شہروں میں سڑکوں پر کنٹینر کھڑے کردیے گئے۔