25 مئی ، 2022
اداکارہ مشی خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ آج سری نگر ہائی وے مارچ میں شرکت کے لیے جائیں گی۔
مشی خان ماضی میں عمران خان کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہیں لیکن اب انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کی۔
مشی خان نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ موجودہ حکومت مارچ کے شرکا کے لیے کیوں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے، ایسے ہتھکنڈے کیوں استعمال کررہی ہے کہ سڑک پر شیشے بچھا دیے یا آنسو گیس کی شیلنگ وغیرہ، جب کہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ یہ احتجاج پر امن ہوگا۔
اداکارہ نے حکومت سے درخواست کی کہ برائے مہربانی اس مارچ میں جو بھی آنا چاہ رہا ہے اسے آنے دیا جائے، لوگوں کو تکلیف نہ پہنچائیں، آپ کے سامنے بھی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
دوسری جانب مشی خان نے عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان پر بھی تنقید کی اور کہا کہ 'تم نے بھی ماضی میں بہت سے ذاتی مفاد حاصل کیے اور اب تک کررہی ہو لہٰذا خاموش رہو، تم صرف اپنی تسکین کے لیے بدلہ لے رہی ہو'۔
مشی خان نے مزید کہا کہ 'تمہیں نہ بچوں کی فکر ہے اور نہ پاکستان کی، تم گرم تندور میں اپنی دو روٹیاں لگا رہی ہو'۔
اس سے قبل ریحام خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ 'ایک شخص جو ذاتی مفاد کی خاطر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے وہ لوگوں کے بچوں کو استعمال کر رہا ہے'۔