25 مئی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ سے شام کو ڈی چوک پر ملاقات ہو گی۔
ڈی آئی خان سے لانگ مارچ کے قافلے کی قیادت کرنے والے پی ٹی آئی رہنما کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں نے دو روز قبل رانا ثناء اللہ کو راستہ بتا دیا تھا کہ یہ میرا راستہ ہے، تمھارے میں ہمت ہے تو خود آگے آ جاؤ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس کو بھیجنا ہے بھیج دو، ان شاء اللہ شام کو ڈی چوک پر آپ کی اور ہماری ملاقات ہو گی۔
ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا اگر عمران خان کا قافلہ ہکلہ انٹر چینج پر پہنچ چکا ہوا تو ٹھیک ہے ورنہ ہم پشاور انٹرچینج کی طرف مڑ جائیں گے۔
یاد رہے کہ آج چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے اور انہو ں نے پوری قوم سے ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔