29 مئی ، 2022
چارسدہ میں جلسے سے خطاب کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران خان نے سخاکوٹ کے مقتول سماجی کارکن کو اپنا کارکن سمجھ لیا اور اس کے قتل پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سے سوال کر ڈالا۔
خیال رہے کہ سماجی کارکن محمد زادہ کو مالاکنڈ میں منشیات فروشی کے خلاف آواز اٹھانے پرگذشتہ سال نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
آج چارسدہ میں ہونے والے جلسے میں محمدزادہ کے رشتے دار صوبائی حکومت کے خلاف بینر لائے تھے اور قاتلوں کی گرفتاری اور انصاف کا مطالبہ کر رہے تھے۔
خطاب کے دوران عمران خان کی نظر بینر پر پڑی تو انہوں نے اسے اسٹیج پر منگوالیا اور حالیہ لانگ مارچ کے مقتول کارکن کی تصویر سمجھ کر لہرادیا اورکہا کہ پر امن احتجاج پر رانا ثنااللہ اور ظالم لوگوں نےکیا کیا؟
یاد رہےکہ مالاکنڈ میں 8 نومبرکو محمد زادہ کو ان کےگھر کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔